وفاقی وزیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل سے ناروے کے سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔19جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل سے منگل کو پاکستان میں ناروے کے سفیر پر البرٹ الاساس نےفنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے سفیر کا خیر مقدم کیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وفاقی وزیر نے ناروے کے ساتھ پاکستان کے دوستانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قابل ستائش باہمی تعلقات ہیں۔ وزیر خزانہ نے پائیدار اور جامع ترقی کے لیے موجودہ حکومت کی اقتصادی پالیسیوں اور ترجیحات کے بارے میں بتایا۔ پر البرٹ الاساس نے کہا کہ دونوں ممالک بہترین تعلقات کے حامل ہیں اور انہیں خاص طور پر اقتصادی محاذوں پر مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

وزیر خزانہ نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو بڑھانے کے لیے موجودہ حکومت کی مکمل حمایت اور تعاون کا اظہار کیا۔