وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

اسلام آباد ۔ 12 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنا حکومت کا بڑا اقدام ہے، نواز شریف سکیورٹی بانڈز اور ٹائم فریم دے کر باہر جا سکتے ہیں۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے …

اسلام آباد ۔ 12 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنا حکومت کا بڑا اقدام ہے، نواز شریف سکیورٹی بانڈز اور ٹائم فریم دے کر باہر جا سکتے ہیں۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے خود انکوائری کرائی، نواز شریف واقعی بیمار ہیں اور ہم انسانی بنیادوں پر انہیں علاج کیلئے سہولتیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کیلئے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنا مشکل فیصلہ ہے، کابینہ اجلاس میں مختلف تجاویز آئیں جس پر گفتگو کی گئی، تجویز تھی کہ جتنے الزامات ہیں اتنی مالیت بطور ضمانت جمع کرا دیں، تجویز آئی جن عدالتوں میں کیسز ہیں وہاں سے این او سی لے لیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ضمانت تو لازمی دینا ہو گی، ایسا نہ ہو کہ اسحاق ڈار کی طرح باہر چلے جائیں اور پھر واپس نہ آئیں، اگر نواز شریف واپس نہیں آتے تو پھر حکومت پر ڈیل کے الزامات لگیں گے اسلئے ہم خود کو کلیئر کرنا چاہتے ہیں تاکہ عوام کو مطمئن کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انسانی حقوق کی بنیاد پر فیصلہ کر رہی ہے، ن لیگ بھی تعاون کرے، لیگی رہنما ابھی بھی اس ایشو پر سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ والد کی طبیعت اتنی خراب ہے تو ان کے بچے پاکستان کیوں نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ نیب قانون میں آسان حل ہے، پلی بارگین کریں اور باہر چلے جائیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ای سی ایل قوانین کے تحت نواز شریف سے سیکیورٹی بانڈ مانگے ہیں، ای سی ایل شق 3 کے تحت نام ہو گا تو کابینہ ہٹانے کا فیصلہ کرے گی، ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے حکومت کی اپنی شرائط ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجرم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی کوئی مثال نہیں ملتی۔