وفاقی وزیر برائے سمندری امور قیصر احمد شیخ نے پورٹ قاسم پر عالمی معیار کا صنعتی زون بنانے کی ضرورت پر زور

Federal Minister for Maritime Affairs Qaiser Ahmad Sheikh

کراچی۔ 24 مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سمندری امور قیصر احمد شیخ نے پورٹ قاسم پر عالمی معیار کا صنعتی زون بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ زون بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کرے گا اور ملک کو فائدہ ہوگا۔

اتوار کو یہاں پورٹ قاسم اتھارٹی (پی کیو اے) کے آپریشنز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ لینے کے بعد سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پورٹ قاسم وقت کے ساتھ بہت زیادہ ترقی کر چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں صنعتی علاقے کے لیے زمین تیار کرنی ہے اور عالمی معیار کے صنعتی زون کے لیے بین الاقوامی تسلیم شدہ کمپنیوں کو مدعو کرنا ہے۔ میری ٹائم منسٹر نے کہا کہ پی کیو اے کے بہت سے منصوبے پائپ لائن میں ہیں۔قیصر احمد شیخ نے کہا کہ ڈریجنگ نہ ہونے کی وجہ سے بین الاقوامی بڑے بحری جہاز بندرگاہ کا دورہ کرنے کے قابل نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہاکہ ‘ڈریجنگ کا کام درکار ہے، جو جلد مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈریجنگ کے کام کی تکمیل سے بین الاقوامی بڑے بحری جہازوں کی آمدورفت میں مدد ملے گی اور مال برداری میں اضافہ ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہاں نصب ایل این جی ٹرمینل کامیاب ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بندرگاہ کی دیگر صلاحیتوں کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ بہت سے دوسرے مواقع سے استفادہ کیا جا سکے اور بندرگاہ کو ترقی دی جا سکے۔قبل ازیں وفاقی وزیر نے پی کیو اے میں پودا بھی لگایا۔