اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریاستی و سرحدی علاقہ جات(سیفران) اور امور کشمیر انجینئر امیر مقام سے پاکستان میں ڈنمارک کے سفیر جیکب لینولف نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔منگل کو یہاں جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران ہونے والی بات چیت میں افغان مہاجرین کی بہبود اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے مواقع سمیت متعدد موضوعات کا احاطہ کیا گیا۔
پاکستان میں یو این ایچ سی آر کی نمائندہ فلپا کینڈلر بھی ان کے ہمراہ تھیں۔اجلاس میں سیکرٹری سیفران ظفر حسن اور جوائنٹ سیکرٹری آغا وسیم احمد نے بھی شرکت کی۔دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ اعلیٰ سطح کے رابطوں کو بڑھانے اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا۔اس موقع پروفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نمایاں امکانات موجود ہیں۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان اور ڈنمارک افغان مہاجرین کے لیے تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور پیشہ ورانہ تربیت کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ پروگرام تلاش کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کہ ہم پناہ گزینوں کے مسائل کو حل کرنے میں ڈنمارک کی شراکت داری اور تعاون کو دل کی گہرائیوں سے سراہتے ہیں اور میں پر امید ہوں کہ ہم مل کر افغان مہاجرین کی صورت حال کے انتظام اور حل کے لیے موثر حل نکال سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے ملک میں افغان مہاجرین کی میزبانی کے سلسلے میں پاکستان کو در پیش مالیاتی چیلنجز پر روشنی ڈالی اور عالمی برادری کی فراخ دلانہ حمایت کا ذکر کیا۔ تاہم، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی توجہ اس طرف کم ہو رہی ہے حالانکہ اس سلسلے میں مسلسل یکجہتی ضروری ہے۔
پاکستان میں ڈنمارک کے سفیرجیکب لینولف نے افغان مہاجرین کے پروف آف رجسٹریشن کارڈز (پی او آر) کی میعاد میں توسیع کے پاکستان کے حالیہ فیصلے کو سراہا۔ڈنمارک کے سفیر نے انسانی ہمدردی کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی میں پاکستان کے دیرینہ کردار کو بھی سراہا۔