وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ رانا تنویر حسین کی زیر صدارت وزیر اعظم کی خام چینی کی درآمد کے حوالے سے تشکیل کردہ کمیٹی کا اجلاس

112

اسلام آباد۔12مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم شہباز شریف کی خام چینی کی درآمد کے حوالے سے تشکیل کردہ کمیٹی کا اہم اجلاس وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ رانا تنویر حسین کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ بدھ کو ہونے والے اجلاس میں وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر صنعت ہارون اختر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر خام چینی کی درآمد سے متعلق امور زیر بحث آئے۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے اجلاس میں بتایا کہ خام چینی کی درآمد ملکی سفید چینی کی قیمت مستحکم کرنے کے لیے مفید ثابت ہو سکتی ہے۔ کمیٹی نے خام چینی کی درآمد کے فوائد اور ممکنہ خدشات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مختلف ممالک کے ماڈلز کا تجزیہ کیا گیا، قیمتوں کے استحکام اور عوامی فائدے پر مشاورت کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خام چینی کی درآمد کے اثرات اور طریقہ کار پر جامع مطالعہ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور اس حوالے سے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں ۔