اسلام آباد ۔ 9 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم سے وکلا ایکشن کمیٹی کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیر قانون نے سپریم کورٹ کی وکلا کمیونٹی کے لئے ہاﺅسنگ منصوبہ میں تاخیرکے معاملے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے چیف کمشنر کو طلب کر لیا۔ منگل کو وفاقی وزارت قانون و انصاف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وکلاءایکشن کمیٹی نے فاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم کو بتایا کہ ہاﺅسنگ پروجیکٹ کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ معاملہ 3 سال سے رکا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وکلا کے مطلوبہ رقم جمع کروانے کے باوجود وفاقی حکومت کی ہاﺅسنگ فانڈیشن کو آج تک زمین کا قبضہ نہیں ملا۔ پاکستان بھر کے وکلا ءکو اس وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بیرسٹر فروغ نسیم نے معاملے پر چیف کمشنر کو طلب کر لیا۔ وزیر قانون نے وفد کومعاملات جلد حل کروانے کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔