24.3 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی...

وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت کاٹن کمیٹی کا اجلاس

- Advertisement -

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت کاٹن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں آئندہ سیزن کے لئے کپاس کی پیداوار منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں گزشتہ فصل کی سالانہ کارکردگی، موجودہ چیلنجز اور پیداوار و معیار میں پائیدار اضافہ یقینی بنانے کے لئے حکمت عملی کو حتمی شکل دینے پر غور کیا گیا۔وفاقی وزیر کو گزشتہ سیزن سے حاصل ہونے والے اسباق پر بریفنگ دی گئی خاص طور پر اس امر پر کہ قبل از وقت کاشت نے پیداوار پر مثبت اثرات مرتب کئے، یہ بات سامنے آئی کہ اعلیٰ معیار کے بیج کی بروقت فراہمی، مناسب پانی کی دستیابی اور مؤثر انسدادِ کیڑا اقدامات بہتر نتائج کے لئے نہایت اہم ہیں۔ شرکاء نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ موسمیاتی تغیرات، کیڑوں کا حملہ، زیرِ کاشت رقبے میں کمی اور قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اب بھی اس شعبے کے بڑے چیلنج ہیں۔

اجلاس میں ترجیحی اقدامات پر زور دیا گیا جن میں تصدیق شدہ اعلیٰ پیداوار والے کپاس کے بیج کی فراہمی، کھاد اور کیڑے مار ادویات کی بلا تعطل سپلائی چین اور عوامی و نجی شعبے کے تعاون سے توسیعی خدمات کو مضبوط بنانا شامل ہے جس میں ڈیجیٹل مشاورتی پلیٹ فارمز کا استعمال بھی شامل ہے۔ کسانوں کی تربیت، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ماحولیاتی دباؤ کے مقابلے کے لئے موسمیاتی لحاظ سے موزوں زرعی طریقوں کو اپنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ اجلاس میں منافع بخش فصلوں کی گردش کو فروغ دینے اور کسانوں کی آمدن کو تحفظ دینے کے لئے مارکیٹ کے استحکام کی تدابیر پر بھی غور کیا گیا۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کپاس کو دیہی معیشت اور ٹیکسٹائل صنعت کی بنیاد کے طور پر دوبارہ فعال کرنے کے لئے حکومت کے مکمل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کپاس قومی برآمدات، غذائی تحفظ اور لاکھوں کسانوں کے روزگار کے لئے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے تمام سٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ قریبی تعاون کے ساتھ طے شدہ اقدامات پر عملدرآمد کریں، پیداوار میں رکاوٹوں کو دور کریں اور آئندہ سیزن کے لئے قومی اہداف حاصل کریں۔

- Advertisement -

 

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں