وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی روم میں اٹلی کے وزیر برائے زراعت، فوڈ سَوورینٹی اور فاریسٹری سے ملاقات، زرعی شعبے میں نئی شراکت داریوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر پیشرفت

روم۔4دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے روم میں اٹلی کے وزیر برائے زراعت، فوڈ سَوورینٹی اور فاریسٹری فرانچیسکو لولوبریجیدا سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات وفاقی وزیر کے اٹلی کے دورے کے دوران ہوئی جہاں وہ ایف اے او کونسل میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے …

روم۔4دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے روم میں اٹلی کے وزیر برائے زراعت، فوڈ سَوورینٹی اور فاریسٹری فرانچیسکو لولوبریجیدا سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات وفاقی وزیر کے اٹلی کے دورے کے دوران ہوئی جہاں وہ ایف اے او کونسل میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں مزید عملی اور مضبوط شراکت داری کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

دونوں وزراء نے زیتون کے جاری منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا جن میں اطالوی ایجنسی برائے ترقیاتی تعاون (اے آئی سی ایس ) کے تعاون سے چلنے والا ’’اولیو کلچر سکیل اَپ پراجیکٹ‘‘ شامل ہے۔ یہ پروگرام ’’اولیو کلچر پراجیکٹ‘‘ (2022–2024) اور ’’پاکستان میں تجارتی پیمانے پر زیتون کی کاشت کے فروغ‘‘ (فیز II، 2021–2026) کی کامیابی پر قائم ہے۔ رانا تنویر حسین نے اٹلی کی مسلسل تکنیکی معاونت پر اظہار تشکر کیا اور جدید زرعی مشینری، تحقیق اور اعلیٰ معیار کی زیتون کے تیل کے اخراج کی تکنیکوں میں مزید تعاون کی درخواست کی۔ملاقات کے دوران دونوں وزراء نے مئی 2025 میں مزدوروں سے متعلق دستخط کئے گئے مفاہمتی یادداشت کو بھی دوطرفہ تعاون کے فروغ میں ایک اہم قدم قرار دیا۔ وزیر لولوبریجیدا نے امید ظاہر کی کہ ’’پروفیشنل کیپسٹی بلڈنگ اور زرعی توسیع‘‘ سے متعلق مجوزہ مفاہمتی یادداشت جو زرعی مہارتوں کو تکنیکی و پیشہ وارانہ تربیت کے ذریعے مضبوط بنانے کے لئے تیار کی جا رہی ہے، جلد حتمی شکل پا کر دستخط ہو جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اطالوی ٹریڈ ایجنسی جس نے 2023 کے وسط میں اسلام آباد میں اپنا دفتر قائم کیا، باغبانی کے شعبے کے لئے 2 کروڑ یورو مالیت کا منصوبہ سپانسر کر رہی ہے جس کا مقصد پاکستانی افرادی قوت کے لیے مقامی اور بیرونی روزگار کے مواقع کو مزید بہتر بنانا ہے۔اطالوی وزیر نے اپنے پاکستانی ہم منصب کو اس نظام سے بھی آگاہ کیا جو اٹلی میں زیتون کے تیل کی مکمل پیداواری زنجیر کے دوران معیار کو یقینی بنانے کے لئے استعمال ہوتا ہے اور کہا کہ ان کا ادارہ اس شعبے میں اپنا تجربہ پاکستان کے ساتھ شیئر کرنے کے لئے تیار ہے۔

انہوں نے تحقیق، مشینی زراعت اور جدید زیتون کے تیل کے اخراج کے سلسلے میں تعاون کو آگے بڑھانے کے لئے دونوں وزارتوں کے درمیان ایک مشترکہ تکنیکی گروپ بنانے کی تجویز پیش کی اور بتایا کہ اٹلی اس موضوع پر ایک اضافی مفاہمتی یادداشت بھی پیش کرے گا، جسے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے اپنے اطالوی ہم منصب کو پاکستان کی ’’اولیو ویلیو چین پالیسی‘‘ پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا جو وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی سرپرستی میں تیار کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بلوچستان میں اُگائی گئی اربیکینا قسم کے ’’لورالائی اولیو‘‘ کی نمایاں کامیابی کا بھی ذکر کیا، جس نے مئی 2025 میں نیویارک انٹرنیشنل اولیو آئل کمپٹیشن میں 1200 سے زائد عالمی برانڈز کے مقابلے میں سلور میڈل جیتا۔ انہوں نے وزیر لولوبریجیدا کو اگلے سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان کے دورے کی دعوت دی تاکہ مجوزہ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جا سکیں اور کہا کہ اس دورے سے دوطرفہ تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے 6 ویں مشترکہ اقتصادی کمیشن اور لیبر معاہدے کے تحت دوسرے مشترکہ ورکنگ گروپ کے اجلاس کی میزبانی کے لیے بھی آمادگی ظاہر کی جبکہ پہلاجے ڈبلیو جی اجلاس 15 ستمبر 2025 کو روم میں منعقد ہوا تھا۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں وزراء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ باہمی تعاون کو جاری رکھتے ہوئے پاکستان کو اعلیٰ معیار کے زیتون کے تیل کی پیداوار اور برآمد کے قابل بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں کرتے رہیں گے اور اس مقصد کے لیے اٹلی کے تجربے اور تکنیکی مہارت سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔