اسلام آباد ۔ 13 اپریل (اے پی پی)وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی ،ترقی واصلاحات مخدوم خسرو بختیارنے کہاہے کہ حکومت قومی معیشت کے استحکام کے لیے تمام ممکن اقدامات کررہی ہے۔ہفتے کو ایک انٹرویومیں انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت زندگی کے ہرشعبے میں نمایاں بہتری لارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ قرضوں کے حصول کے بعد ملک میں کئی ترقیاتی منصوبو ں کے آغاز سے مجموعی ملکی پیداوارمیں اضافہ کیاجاسکتاہے تاہم یہ پائیداراورمناسب پالیسی نہیں ہوگی۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی دانشمندانہ معاشی پالیسیوں سے غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھے ہیں اور مالی خسارے میں کمی آئی ہے، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں بھی نہایت مثبت رجحان دیکھنے میں آرہاہے جو پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے عالمی برادری کی گہری دلچسپی کاثبوت ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ حکومت چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے پر عمل پیرا ہے ،حکومت اقتصادی راہداری پرکام جاری رکھے گی اور اس کی رفتارمیں اضافہ کرے گی۔