وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار کی زیر صدارت سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس

140

اسلام آباد ۔ 16 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار کی زیر صدارت جمعرات کو سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں 385.135 ملین روپے کی لاگت کا ایک منصوبہ منظور جبکہ 123.6 ارب روپے کی لاگت کے 4 منصوبے حتمی منظوری کےلئے ایکنک کو بھجوا دیئے گئے۔ اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن ، وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن، فزیکل پلاننگ اینڈ ہاﺅسنگ، خوراک و زراعت اور صحت سے متعلق منصوبے پیش کئے گئے۔ سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں کراچی کے شہریوں کی سفری سہولیات کےلئے 61436.00 ملین روپے کی لاگت کا یلو لائن منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلاس نے حتمی منظوری کےلئے ایکنک کو بھجوا دیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت کراچی کی ترقی کےلئے پرعزم ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے کراچی کے عوام کو سفری سہولیات میسر ہوں گی۔ اجلاس میں ٹرانسپورٹ سے متعلق دوسرا منصوبہ ایسٹ بے ایکسپریس گوادر پورٹ کی تعمیر کےلئے 17369.84 ملین روپے کی لاگت کا پیش کیا گیا جس کو مزید منظوری کےلئے ایکنک کو بھجوا دیا گیا۔ اس منصوبے پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ قومی اہمیت کے اس منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کےلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ اجلاس میں حکومت سندھ کی جانب سے کراچی میں پانی کی فراہمی اور سیوریج منصوبے کےلئے 14729.27 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلاس نے حتمی منظوری کےلئے ایکنک کو بھجوا دیا۔ سی ڈی ڈبلیو پی میں خیبرپختونخوا میں زراعت کی بہتری اور ترقی کےلئے 30048.747 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلاس نے مزید منظوری کےلئے ایکنک کو بھجوا دیا۔ اجلاس میں صحت سے متعلق پمز ہسپتال اسلام آباد کے گیسٹرو انٹرولوجی ڈیپارٹمنٹ کی اپ گریڈیشن کےلئے 385.135 ملین روپے کی مالیت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلاس میں منظور کر لیا گیا۔ اجلاس میں 716.63 ملین روپے کی لاگت کے دو پوزیشن پیپرز بھی منظور کئے گئے۔