وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

76

اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کورونا ویکسین کی فراہمی کے حوالے سے آزاد جموں و کشمیر اور سندھ حکومت کو مکمل معاونت فراہم کر رہی ہے،مسلم لیگ (ن) کے رہنما لوگوں کی بنیادی ضروریات کو پورا نہیں کرسکے ۔انہوں نے ایک نجی ٹیلی وژن چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا سندھ میں پیپلزپارٹی کے رہنما اپنے اپنے علاقوں میں ویکسین پہنچانے میں مکمل طور پر ناکام ہوئے ہیں، ویکسین کی عدم دستیابی کی وجہ سے عوام کو ہسپتالوں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے تک ملک پر حکمرانی کرنے والے پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما لوگوں کی بنیادی ضروریات کو پورا نہیں کرسکے، وفاقی حکومت نے بہترین اقدامات کرتے ہوئے آزاد جموں وکشمیر اور سندھ میں ویکسین کی دستیابی کو یقینی بھرپور مدد فراہم کی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں اسد عمر نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے کورونا ویکسین کی زیادہ سے زیادہ خوراکیں خریدی گئیں اور ویکسین کے حوالے سے سرکاری شعبے کے ہسپتالوں کی ضرویات بھی پوری کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے نے تین اقسام کی ویکسین درآمد کی ہے جن میں ایسٹرا زنیکا ، آکسفورڈ اور سپوٹنک شامل ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ آسٹرا زینیکا کے استعمال بارے شکایات ہیں، چالیس سال سے کم عمر کے افراد سونوفام اور سپوٹنک ویکسین لگوانے کو ترجیح دیں جبکہ چالیس برس سے زائد عمر کے افراد آکسفورڈ یا آسٹرازینیکا ویکسین لگوائیں۔