وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی کی گلگت بلتستان میں بجلی بحران کے حل کے لیے 100 میگاواٹ سولر منصوبے پر تیز ترین پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کی محرومیاں دور کرنا اور خطے کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کی محرومیاں دور کرنا اور خطے کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم کمیٹی کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے گلگت بلتستان میں بجلی کے بحران کے حل کے لیے 100 میگاواٹ سولر منصوبے پر تیز ترین اور بیک وقت پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نلتر اور ہنزل پاور منصوبوں کی تکمیل کے ساتھ سولر منصوبے کے فیڈر، ٹرانسمیشن لائن اور سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے پر بھی بیک وقت کام کیا جائے گا تاکہ عوام کو بلا تاخیر بجلی کی فراہمی میں ریلیف مل سکے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے خوبصورت اور حساس ماحول کے تحفظ کے لیے جامع سیاحتی فریم ورک تیار کرنے اور کیرینگ کپیسیٹی سٹڈی کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس اقدام کا مقصد بے ہنگم تعمیرات کی روک تھام اور ماحول دوست و پائیدار سیاحت کو فروغ دینا ہے۔وفاقی وزیرپروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ گلگت بلتستان کو مالیاتی طور پر خودمختار بنانے اور این ایف سی کے طرز پر دیرپا مالیاتی حل فراہم کرنے کے لیے وفاقی حکومت بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون اور مسلسل محنت کے ذریعے گلگت بلتستان کے روشن، سرسبز اور پائیدار مستقبل کی بنیاد رکھی جائے گی۔