ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر چوہدری محمد شریف گھمن نے کہا ہے کہ ہمیں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے ، آنے والی نسلوں کو صاف و صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ شجرکاری اور درختوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
ہمیں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کےلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے ہیں، ڈپٹی ڈائرکٹر سوشل ویلفیئر

مزید خبریں
سیالکوٹ۔ 02 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر چوہدری محمد شریف گھمن نے کہا ہے کہ ہمیں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے ، آنے والی نسلوں کو صاف و صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ شجرکاری اور درختوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ درخت ماحول صاف رکھنے، فضائی آلودگی کم کرنے اور درجہ حرارت میں اعتدال برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے کےلئے شجرکاری محض ایک مہم نہیں بلکہ اسے مستقل سماجی ذمہ داری کے طور پر اپنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ معاشرے کے مختلف طبقات میں ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے کےلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
انہوں نے شرکا پر زور دیا کہ وہ اپنے گھروں، تعلیمی اداروں، دفاتر اور اردگرد کے علاقوں میں پودے لگائیں اور ان کی باقاعدہ دیکھ بھال کو بھی یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ صاف ستھرا سرسبز ماحول صحت مند معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے، اس مقصد کے حصول کے لئے سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ شہریوں، سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہری ماحولیاتی بہتری کے لئے اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے درخت لگانے کے ساتھ ساتھ موجودہ درختوں کی حفاظت کریں۔








