لاہور بورڈ نے جماعت نہم کے سالانہ نتائج کا اعلان کر دیا،کامیابی کا تناسب 46.51 فیصد رہا،ترجمان

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور نے نہم (نویں)کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا ۔

لاہور۔2ستمبر (اے پی پی):بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور نے نہم (نویں)کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا ۔

ترجمان لاہور بورڈکے مطابق چیئرمین بدر الاسلام اور کنٹرولر امتحانات توصیف الرحمٰن نے مشترکہ طور پر نتائج کا تفصیلی جائزہ میڈیا کے سامنے پیش کیا۔ امتحانات میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 87 ہزار 676 امیدواروں نے شرکت کی جن میں سے 1 لاکھ 30 ہزار 543 امیدوار کامیابی حاصل کر سکے۔ اس طرح نہم کے سالانہ امتحانات میں کامیابی کا مجموعی تناسب 46.51 فیصد رہا۔ چیئرمین بورڈ اور کنٹرولر امتحانات نے کہا کہ امتحانی نتائج کی شفافیت کو ہر ممکن حد تک یقینی بنایا گیا ۔ طالب علموں اور ان کے والدین کی سہولت کے لیے نہم کے مکمل نتائج لاہور بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیے گئے ہیں جہاں سے امیدوار اپنے رول نمبر کے ذریعے نتائج آن لائن دیکھ سکتے ہیں۔