سعودی عرب، ڈاکٹر منال بنت حسن رضوان مذاکرات اور امن کوششوں کے لیے وزیر خارجہ کی مشیر اور خصوصی ایلچی مقرر

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ڈاکٹر منال بنت حسن رضوان کو مذاکرات اور امن کوششوں کے لیے وزیر خارجہ کی مشیر اور خصوصی ایلچی مقرر کر دیا۔

ریاض۔2ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ڈاکٹر منال بنت حسن رضوان کو مذاکرات اور امن کوششوں کے لیے وزیر خارجہ کی مشیر اور خصوصی ایلچی مقرر کر دیا۔

اردو نیوز کے مطابق یہ تقرری وزارت خارجہ کی جانب سے سفارتی امور کو مضبوط بنانے، مذاکرات اور امن عمل کی حمایت کی کوششوں کا حصہ ہے۔ خصوصی ایلچی کو اس سے متعلقہ امور کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ منال بنت حسن رضوان کے دائرہ اختیار میں مذاکرات اور امن کوششوں کے امور میں معاونت اور سعودی عرب کی سفارتی موجودگی کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ منال حسن رضوان کو سفارتکاری، بین الاقوامی مذاکرات، تنازغات کے حل اور کثیر الجہتی امور کا وسیع تجربہ ہے۔ وہ وزارت خارجہ میں متعدد اعلیٰ عہدوں پر فائز رہ چکی ہیں اور اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر سعودی عرب کی نمائندگی کر چکی ہیں۔ منال بنت حسن رضوان حالیہ تقرری سے قبل وزارت خارجہ میں وزیر کے طور پر کام کر رہی تھیں۔

انہوں نے 2017 سے وزارت خارجہ میں مشیر اور بعد میں افریقی امور کے وزیر مملکت کے دفتر میں مشیر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ 2012 میں وزیر خارجہ کے دفتر میں بطور مشیر فرائض انجام دیئے۔ ان کے سفارتی کیریئر میں 2012 سے 2017 کے درمیان نیویارک میں اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل مشن کے ساتھ کام کرنے کا پانچ سال کا تجربہ شامل ہے۔ قاہرہ میں عرب لیگ میں مملکت کے مشن اور واشنگٹن میں سعودی سفارتخانے میں خدمات انجام دیں۔ ان کی ذمہ داریوں میں کانگریس اور سیاسی امور شامل تھے۔انہوں نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے سعودی عرب کی سفارتی کوششوں میں بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔