اسلام آباد ۔ 13 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ ان کی وزارت اور ماتحت اداروں کیلئے لئے گئے قرضہ جات کی تفصیلات رضاکارانہ طور پر وزیراعظم احتساب کمیشن کو پیش کی جائیں گی۔ جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گذشتہ 10 سال میں شاہرات کی تعمیر و تزئین اور مرمت کیلئے موجودہ اور سابقہ ادوار میں لئے گئے قرضوں کی تفصیلات وزیراعظم احتساب کمیشن کے سامنے پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی 22 سالہ جدوجہد کی بنیاد ملک میں کرپٹ سیاستدانوں اور ملکی خزانہ کو لوٹنے والوں کا احتساب کرنا اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنا ہے، یہی پورے پاکستان کے عوام کا مطالبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے آئندہ اس ایجنڈے کو ترجیح دے گی کہ کرپشن کرنے اور ملکی خزانہ لوٹنے والوں سے لوٹی گئی قومی دولت واپس لی جائے۔