وفاقی وزیر برائے مواصلات و ڈاکخانہ جات مراد سعید اور موسمیاتی تبدیلی کی وزیر مملکت زرتاج گل کا تقریب سے خطاب

106

اسلام آباد ۔ 18 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے مواصلات و ڈاکخانہ جات مراد سعید اور موسمیاتی تبدیلی کی وزیر مملکت زرتاج گل نے کہا ہے کہ درخت انسانی زندگی کو ناگہانی مشکلات سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، 2013ءسے قبل حکومتوں نے خیبر پختونخوا میں بے دردی سے درختوں کا قتل عام کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں صاف ستھرا اور سرسبز پاکستان کے حوالے سے 7 روزہ شجر کاری مہم کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے درمیان کئے گئے ۔ اس موقع پر سیکرٹری مواصلات شعیب صدیقی، چیئرمین این ایچ اے جواد رفیق ملک، چیف کمشنر راولپنڈی جودت ایاز، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات، آئی جی موٹروے پولیس جان محمد خان سمیت اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ مراد سعید نے اس موقع پر کہا کہ پی ایچ اے اور این ایچ اے نے قومی شاہرات کو سرسبز رکھنے کے لئے ذمہ داری اٹھائی ہے، اس لئے این ایچ اے کی شراکت سے ملک بھر میں شجرکاری مہم شروع کی گئی ہے لیکن آج خصوصی مہم کاآغاز کیاجا رہا ہے جسے ہم نے صاف ستھرا سرسبز پاکستان کانام دیا ہے، یہ مہم ایک ہفتہ تک جاری رہے گی جس کے بعد اس کا دائرہ ملک بھر میں بڑھایا جائے گا، مہم میں ملک بھر کی یونیورسٹیوں، کالجز اور سکولوں کے طلباءو طالبات کو بھی حصہ دار بنایا جائے گا اس کے علاوہ مقامی نمائندے بھی اس میں شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی ذمہ داری میری ہے، قومی شاہرات اور ملک کو صاف ستھرا اور سرسبز اس وقت رکھیں گے جب ہم ان کی حوصلہ افزائی کریں گے اور اس کے لئے حکومتی سطح پر کچھ کیاجائے گا، اسی لئے ہم نے ایک سو کلومیٹر روڈ ماڈل کے طورپر پیش کرنے کامنصوبہ تیار کیا ہے، اس روڈ ماڈل حصے میں شجر کاری کر کے اس کو ایک اعلیٰ نمونے کے طورپر ملک بھر میں شاندار طورپر پیش کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ مستقبل میں ہماری سڑکیں کیسی ہوں گی، اس کا اندازہ ہماری آج کی کوششوں سے آنے والی نسلیں بخوبی لگا سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور عبدالحکیم موٹروے 30 مارچ کو عوام کے لئے کھول دیا جائے گا، ٹول پلازوں کا رش ختم کرنے کے لئے ایک خصوصی پروگرام کا آغاز کررہے ہیں،یہ بتاتے ہوئے انتہائی خوشی ہو رہی ہے کہ این ایچ اے نے گزشتہ مہموں کے دوران ملک بھر میں تمام محکموں سے زیادہ شجرکاری کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور قوم پر یہ اللہ تعالیٰ کی خصوصی رحمت ہے کہ عمران خان جیسا قائد ملا، یہی وجہ ہے کہ محکموں کے اندر اللہ تعالیٰ نے ہم جیسے لوگوں سے کام لیتے ہوئے ان کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی توفیق دی ہے۔ این ایچ اے نے اب تک مالیات کی مد میں 19 ارب روپے اضافہ کیا ہے،انشاءاللہ آنے والے دنوں میں یہ ادارہ ہی نہیں باقی محکمے بھی خود مختار ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے اقدامات سے این ایچ اے کے ریونیومیں ہونے والے اضافے کو ہم ملک میں بچوں کی تعلیم اور شہریوں کی صحت پرخرچ کرنے کے لئے وفاقی حکومت کو دیں گے،انسانوں کے لئے صاف شفاف اور صحت مند زندگی کی ضمانت سرسبز و شاداب درخت ہیں بد قسمتی سے 2013 ءسے پہلے کی حکومتوں نے 200 ارب روپے کے درختوں کو بے رحمی سے قتل کیا ۔وزیر مملکت زرتاج گل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس تقریب پر مدعو کئے جانے پر سب سے پہلے منتظمین کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سرسبز، شاداب اور صاف ستھراماحول انسانی رویوں کو تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کرتاہے اور یہی وژن عمران خان کا ہے کہ ہم پاکستان سرسبز ،شاداب اور صاف ستھرا بنائیں۔ وزارت مواصلات نے اس حوالے سے بہت کام کیا ہے۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی میٹرو کے ساتھ مل کر ملک کی ثقافت، تہذیب و تمدن کو فروغ دینے کے لئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے کیونکہ ہماری ثقافت ہماری شناخت ہے اور اس کو بہتر انداز میں پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات سے ملک اور انسانوں کو بچانے کے لئے درخت لگانا ضروری ہیں اور یہ فریضہ ہم خود ادا کریں گے۔ پاکستان کا بچہ بچہ، پیر وجوان اس مہم میں بڑھ چڑھ کر شریک ہو گا، یہی تبدیلی ہے جس کا وعدہ پاکستان تحریک انصاف نے لوگوں سے کیا ہے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاءمیں سوینئرز اور یونیورسٹی، کالج اور سکول کے طلباءو طالبات میں شرٹس اور ٹوپیاں تقسیم کی گئیں۔