کرائسٹ چرچ کی مساجد میں فائرنگ، نیوزی لینڈ کی کابینہ کا اسلحہ رکھنے سے متعلق قوانین میں 10 روزمیں اصلاحات لانے کا فیصلہ

کرائسٹ چرچ۔ 18 مارچ (اے پی پی) نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈرا آرڈرن نے کہا ہے کہ شہریوں کے تحفظ اور سلامتی کی خاطر آئندہ 10 روزمیں اسلحہ سے متعلق نئے قوانین بنائے جائیں گے ۔یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرائسٹ چرچ کے افسوسناک سانحہ کے بعد ضروری ہوگیا ہے کہ ہم نیوزی لینڈ میں مقیم تمام لوگوں کی ہرممکن طور سلامتی کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا میری کابینہ نے اسلحہ رکھنے سے متعلق قوانین میں اصولی طور اصلاحات لانے کا فیصلہ کیا گزشتہ جمعہ کو کرائسٹ چرچ کی2 مساجد میں میں فائرنگ کرنے والے مجرم نے جدید خود کار رائفل استعمال کی جس کا میگزین سات سے زیادہ روند سے لیس تھا ۔ عمومی طور پر لائسنس رکھنے والے کو ایسا اسلحہ فروخت کیا جاتا ہے جس کے میگزین میں زیادہ سے زیادہ7 روند ہوں تاہم مجرم کے پاس میگزینوں میں اس سے زیادہ روندتھے۔ پولیس نے اسلحہ فروخت کرنے والے ڈیلر سے بھی پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ سانحہ کے پیش نظر اسلحہ بالخصوص سیمی آٹومیٹک رائفلز کی فروخت سے متعلق قوانین میں تبدیلی لائی جائے۔