وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک سےآذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کی ملاقات، ای سی او اجلاس میں دوٹوک اور اصولی مؤقف کو سراہا

اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سفیرِ آذربائیجان نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق ای سی او اجلاس میں ڈاکٹر مصدق ملک کے دوٹوک اور اصولی مؤقف کو سراہا، خصوصاً عالمی سطح پر مشترکہ ذمہ داری پر ان کے زور اور موسمیاتی وعدوں میں پائی جانے والی عدم ہم …

اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران سفیرِ آذربائیجان نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق ای سی او اجلاس میں ڈاکٹر مصدق ملک کے دوٹوک اور اصولی مؤقف کو سراہا، خصوصاً عالمی سطح پر مشترکہ ذمہ داری پر ان کے زور اور موسمیاتی وعدوں میں پائی جانے والی عدم ہم آہنگی کی نشاندہی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

ترجمان وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کے مطابق آذربائیجان کے سفیر نے ترقی پذیر ممالک کے لیے منصفانہ موسمیاتی اقدامات کی وکالت میں پاکستان کے فعال اور تعمیری کردار کو بھی سراہا۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی توثیق کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ دونوں ممالک تاریخی، ثقافتی اور باہمی احترام کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔

آذربائیجان کے سفیر نے وفاقی وزیر کو 17 تا 22 مئی 2026 باکو میں منعقد ہونے والے تیرہویں عالمی شہری فورم میں شرکت کی دعوت دی۔ یہ فورم موسمیاتی تبدیلی اور شہری ترقی کے باہمی تعلق، لچکدار شہروں کی تعمیر اور ماحولیاتی پائیداری کے فروغ کے حوالے سے اجتماعی حکمتِ عملی پر غور کا ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے دعوت کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان پائیدار ترقی اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔