وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین کی2024-2025 کے لیے فوڈ سیکیورٹی کے بڑے اقدام کے آغاز پر پاکستان کے لیے سعودی عرب کی غیر متزلزل انسانی خدمات کی تعریف

186

اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے2024-2025 کے لیے فوڈ سیکیورٹی کے بڑے اقدام کے آغاز پر پاکستان کے لیے سعودی عرب کی غیر متزلزل انسانی خدمات کو سراہا ہے۔ گزشتہ روز سعودی سفارت خانے میں شاہ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ریلیف) کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر عزم پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کے ایس ریلیف کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں ”اسلامی اقدار کی روشن مثال”قرار دیا جو پاکستان بھر میں پسماندہ خاندانوں کو انتہائی ضروری ریلیف فراہم کرتی ہیں۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم اے) اور دیگر اہم شراکت داروں کے تعاون سے نافذ کیے جانے والے اس اقدام کے تحت دسمبر 2024 سے نومبر 2025 تک ایک لاکھ 47 ہزار 500 فوڈ پیکج تقسیم کیے جائیں گے۔ ہر 95 کلو گرام کا فوڈ پیکج، جس میں آٹا، کوکنگ آئل، چینی اور دالیں شامل ہیں، ایک خاندان کو ایک ماہ تک چلانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس کوشش سے گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سمیت تمام صوبوں کے 10 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے برادر عوام کو تحفے کے طور پر یہ فوڈ پیکج دینا میرے لیے خوشی کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام عالمی سطح پر غذائی عدم تحفظ کے خاتمے کے سعودی عرب کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ رانا تنویر نے اس بات پر زور دیا کہ کے ایس ریلیف کا منصوبہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے پاکستان کی کوششوں کی تکمیل کرتا ہے کہ کوئی بھی شہری غربت اور غذائی قلت کا مقابلہ کرنے میں پیچھے نہ رہے۔ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ عقیدے، ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی تاریخی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے دوطرفہ تعلقات کو تقویت ملتی ہے۔ وفاقی وزیر نے سعودی حکام کو یقین دلایا کہ امداد کی شفاف اور موثر تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان مکمل تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم مل کر ملک کے ہر کونے اور ہر ضرورت مند خاندان تک پہنچنے کی کوشش کریں گے۔

کے ایس ریلیف کا اقدام عالمی انسانی ہمدردی کی کوششوں میں سعودی عرب کی قیادت کی توثیق کرتا ہے۔ فوڈ سیکیورٹی کے فوری چیلنجز سے نمٹنے کے ذریعے یہ منصوبہ پاکستان کی پسماندہ برادریوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے اور طویل مدتی سماجی اور معاشی استحکام کو فروغ دینے میں مدد دے گا۔ تقریب کا اختتام دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی کے اعادہ کے ساتھ ہوا۔