وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کا انسانی حقوق اور جمہوری شمولیت کے عنوان سے قومی کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد۔10 اپریل(اے پی پی)وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت ملک کے تعلیمی نظام میں یکساں نصاب کے لئے سنگل نیشنل سرٹیفکیشن متعارف کرانے کے لئے کام کر رہی ہے، اس سلسلے میں صوبوں کے ساتھ اتفاق رائے پیدا کرنے اور تمام شراکت داروں کی رائے حاصل کرنے کے لئے ایک کمیشن تشکیل دیا گیا ہے۔ وہ بدھ کو یہاں …

اسلام آباد۔10 اپریل(اے پی پی)وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت ملک کے تعلیمی نظام میں یکساں نصاب کے لئے سنگل نیشنل سرٹیفکیشن متعارف کرانے کے لئے کام کر رہی ہے، اس سلسلے میں صوبوں کے ساتھ اتفاق رائے پیدا کرنے اور تمام شراکت داروں کی رائے حاصل کرنے کے لئے ایک کمیشن تشکیل دیا گیا ہے۔ وہ بدھ کو یہاں ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے زیر اہتمام انسانی حقوق اور جمہوری شمولیت کے عنوان سے قومی کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال، پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر اور رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ کے علاوہ دیگر نے بھی خطاب کیا۔ وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیمی نظام میں تفریق کی وجہ سے معاشرے میں مسائل پیدا ہوئے ہیں اور ایک مخصوص طبقہ نے انگریزی میڈیم کے تعلیمی ماڈل کو اختیار کرتے ہوئے برتری حاصل کر لی ہے۔ مختلف مقررین کے تاثرات پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت قومی میڈیا ہر طرح کی خبریں چلانے کے لئے کہیں زیادہ آزاد ہے۔ اٹھارویں ترمیم کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ اس بارے میں اپوزیشن پراپیگنڈا کر رہی ہے، حکومت اٹھارویں ترمیم کو کیسے ختم کر سکتی ہے جبکہ اس کے لئے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں سادہ اکثریت کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس موقع پر سینیٹر فرحت اللہ بابر نے وفاقی پارلیمانی نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اکائیوں کے حقوق اور مفادات کے خلاف کوئی بھی کوشش ریاست کے لئے فائدہ مند ثابت نہیں ہو سکتی۔ اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کا خاتمہ کسی صورت ملکی مفاد میں نہیں ہو گا، ملکی ترقی کے لئے سماجی و اقتصادی پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہوتا ہے۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔

مزید خبریں

Leave a Reply