اسلام آباد ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی)وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف محمدنواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوامی خدمت اور تمام شعبہ ہائے زندگی میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہر ہ کر کے ایک مثال قائم کر دی ہے ۔انہوں نے یہ بات ضلع شیخوپورہ کی تحصیل صفدرآباد میںمسلم لیگ (ن) کے ضلعی عہدیدران سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہاکہ امن وامان ہو یا توانائی یا پھر مجموعی معاشی صورت حال حکومت نے تمام شعبوں کے چیلنجزپر احسن طریقے سے قابو پا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کے لیے یہ ایک فخر کی بات ہے کہ اس کے وزیر خزانہ کو جنوبی ایشیاءکے بہترین وزیر خزانہ کا ایوارڈ ملا ہے ،آج پاکستان کے تمام معاشی اشارے زبر دست ترقی واستحکام کا مظاہر ہ کر رہے ہیں۔