اسلام آباد ۔ 18 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے 32 ملازمین کو پی ایس ایل ون کے دوران بونس دیا گیا‘ بورڈز کا آڈٹ کا اپنا نظام ہے‘ پاکستان کرکٹ بورڈ سرکاری خزانے سے کوئی رقم نہیں لیتا۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران اقبال محمد علی خان کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے بتایا کہ پاکستان سپر لیگ ون پر بیرون ملک ہوٹل میں قیام‘ تنخواہ‘ بونسز اور دیگر اور ٹیسٹوں کی مد میں 7 کروڑ 27 لاکھ 20 ہزار روپے خرچ ہوئے۔