
اسلام آباد ۔ 29 اگست (اے پی پی) پاکستان نے گذشتہ سال کی کپاس فصل کو پہنچنے والے نقصانات پر قابو پالیا ہے اور آئندہ سیزن میں کپاس کی اندازاً 13ملین گانٹھیں حاصل ہونے کی توقع ہے۔یہ بات یہاں وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان کی زیر صدارت ہونے والے فیڈرل ٹیکسٹائل بورڈ کے چوتھے اجلاس میں بتائی گئی۔اجلاس کے دوران پاکستان جنرز ایسوسی ایشن (پی سی جی اے)اور کاٹن کمشنر نے علیحدہ علیحدہ طورپر اجلاس میں موجود شراکت داروں کو بتایا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت میں قریبی رابطوں سے گذشتہ سال کپاس کی فصل کو نقصان پہنچانے والے پنک بول وارم پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے۔