وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان کی ٹی وی پروگرام میں گفتگو

105

اسلام آباد ۔ 22 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے کوشاں ہے، 2013ءمیں اقتدار سنبھالتے ہی وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملکی معاشی استحکام اور توانائی بحران کے خاتمے کیلئے سنجیدہ اور مخلصانہ کوششیں شروع کر دیں جن کی وجہ سے اج ملکی معیشت روز بروز مستحکم ہو رہی ہے اور بہت جلد ملک سے اندھیروں کا خاتمہ بھی کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اصل اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے اور بجٹ کے موقع پر بھی حکومت کو سوائے پاکستان پیپلز پارٹی کے اور کسی بھی جماعت کی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایوانوں کی جماعت نہیں ہے بلکہ ان کے چیئرمین عمران خان کے مزاج کی وجہ سے وہ ایک سڑک اور کنٹینر کی جماعت ہے جو غیر ذمہ دار بیانوں سے اپنی مقبولیت کھوتی چلی جا رہی ہے، تحریک انصاف کی مقبولیت میں روز بروز کمی ہوتی جا رہی ہے جس کا ثبوت ان کے ناکام جلسے اور جلوس ہیں جبکہ حال ہی میں ان کی اسلام آباد میں 10 لاکھ لوگوں کو جمع کرنے کی کال کو بھی عوام نے بری طرح مسترد کر دیا ہے۔