اسلام آباد۔20فروری (اے پی پی):کارپٹ ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ جمعرات کو ہونے والی ملاقات میں کارپٹ انڈسٹری کو درپیش اہم مسائل خصوصاً ریگولیٹری ڈیوٹیز (آر ڈیز) اور سیلز ٹیکس کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد نے وزیر تجارت کو صنعت کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ریگولیٹری ڈیوٹیز میں اضافے اور سیلز ٹیکس کی پیچیدگیوں کے باعث برآمدات متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کاروباری طبقے اور ہنر مند افراد کی مدد کے لیے فوری اقدامات کرے۔وفاقی وزیر جام کمال خان نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت ان مسائل کے حل اور کارپٹ انڈسٹری کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ایسی پالیسیاں مرتب کر رہی ہے جو برآمدات میں اضافے اور کاروباری آسانیوں کو یقینی بنائیں تاکہ روایتی صنعتیں بشمول کارپٹ سیکٹر، ترقی کر سکیں اور عالمی منڈی میں پاکستان کی پوزیشن مزید مستحکم ہو۔ملاقات کے دوران سرکاری اور نجی شعبے کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ کارپٹ انڈسٹری کی پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔