اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):پاکستان کے آئی ٹی اور ای کامرس کے شعبوں کی ترقی کو تیز کرنے کے لیے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے وزارت تجارت میں آئی ٹی اور ای کامرس کونسل کے پہلے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن شیزہ فاطمہ خواجہ نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کونسل کے اراکین سے کہا کہ وہ ایگزیکٹو کمیٹی آف کامرس کے ذریعے مزید جائزہ لینے کے لیے تجاویز پیش کریں۔ اس کے بعد ان تجاویز کو اہم امور پر جامع فیصلہ سازی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ بورڈ (این ای ڈی بی) کو بھیجا جائے گا۔
شیزہ فاطمہ خواجہ نے وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق آئی ٹی برآمدات کو 2029 تک 3.223 ارب ڈالر سے بڑھا کر 25 ارب ڈالر کرنے کے ہدف پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی ٹی کی برآمدات کو بڑھانے کے لیے تمام ضروری تعاون فراہم کیا جائے گا۔ علی بابا، دراز اور P@SHA جیسے معروف ای کامرس پلیٹ فارمز کے نمائندوں نے میٹنگ میں شرکت کی۔ کونسل نے علاقائی تجارت کو بڑھانے، برین ڈرین کو حل کرنے اور ایک مضبوط مقامی آئی ٹی ماحولیاتی نظام تیار کرنے کے لیے ممکنہ حکمت عملیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
جام کمال خان نے سٹیک ہولڈرز کی کاوشوں اور پیشکش کو سراہا اور حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے تمام فریقوں کو نئی آئی ٹی اور ای کامرس پالیسیوں کے بروقت نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے زیر التواء معاملات کو تیز کرنے کی ہدایت کی اور وسیع تناظر کے لیے نجی شعبے سے مشاورت کی سفارش کی۔