اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے برآمدات سے متعلق اہم امور پر پیش رفت کا جائزہ لینے اور مستقبل میں برآمدات میں اضافے کے لیے جامع حکمت عملی اپنانے کے لیے نیشنل ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ بورڈ (این ای ڈی بی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے دوسرے اجلاس کی صدارت کی ۔ جمعہ کو منعقدہ اجلاس میں پٹرولیم ڈویژن نے تجویز پیش کی کہ ایکسپورٹ مارکیٹس کے لیے گیس کی قیمتوں کو مسابقتی بنایا جائے ۔ تجویز کے مطابق اس اقدام سے توانائی کی لاگت کے چیلنجوں سے نمٹنے اور طویل مدتی منصوبہ بندی اور پائیداری کے حصول میں برآمد کنندگان کو مدد ملے گی ۔
اجلاس میں این ای ڈی بی کی گزشتہ منعقد ہونے والے اجلاسوں کے دوران کیے گئے فیصلوں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ وفاقی وزیر تجارت نے زیر التواء مسائل کو فوری حل کرنے کی ہدایت کی ۔ اجلاس میں جام کمال خان نے تجویز پیش کی کہ وزرائے اعلی کو این ای ڈی بی فریم ورک میں شامل کیا جائے تاکہ ہم آہنگی کو بڑھایا جا سکے اور برآمدی ترقی کے مقاصد کے ساتھ صوبائی صف بندی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں این ای ڈی بی کے اجلاسوں کی صدارت وزیر اعظم خود کریں گے۔
اجلاس کا اختتام برآمدی چیلنجوں سے اجتماعی طور پر نمٹنے اور ملک کے برآمدی شعبے کی مکمل صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے عزم کے ساتھ ہوا ۔