اسلام آباد۔2اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان سے برطانیہ کے ڈائریکٹر جنرل پولیٹیکل ایڈورڈ لیوی لین نے جمعرات کو وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس دوران پاکستان یو کے تجارتی ڈائیلاگ کی پیش رفت اور ہیلتھ کیئر و لائف سائنسز میں ورکنگ گروپ کے قیام کو سراہا ، فریقین نے آئی ٹی، زراعت، پیشہ ورانہ خدمات، تعلیم اور مہارتوں میں ورکنگ گروپس کو فعال کرنے پر …
وفاقی وزیر تجارت سے برطانیہ کے ڈی جی پولیٹیکل کی ملاقات ،ورکنگ گروپس فعال کرنے پر اتفاق
اسلام آباد۔2اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان سے برطانیہ کے ڈائریکٹر جنرل پولیٹیکل ایڈورڈ لیوی لین نے جمعرات کو وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس دوران پاکستان یو کے تجارتی ڈائیلاگ کی پیش رفت اور ہیلتھ کیئر و لائف سائنسز میں ورکنگ گروپ کے قیام کو سراہا ، فریقین نے آئی ٹی، زراعت، پیشہ ورانہ خدمات، تعلیم اور مہارتوں میں ورکنگ گروپس کو فعال کرنے پر اتفاق کیا ۔سیکرٹری کامرس جواد پال نے فری ٹریڈ ایگریمنٹ ( ایف ٹی اے) کو وسعت دینے کی تجویز پیش کی۔ جام کمال خان نے کہا کہ پالیسی میں مستقل مزاجی اور بتدریج اصلاحات طویل مدتی سرمایہ کاری کے لیے کلیدی ہیں،پاکستان اپنی تجارتی اصلاحات اور پالیسی میں مستقل مزاجی کے ذریعے سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش ملک بن رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تجارتی اصلاحات اور ساختی تبدیلیاں طویل مدتی سرمایہ کاری کے اعتماد کو بڑھا رہی ہیں۔ برطانوی وفد کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے پالیسی میں شفافیت اور واضح اشارے سرمایہ کار کا اعتماد بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان یو کے تجارتی ڈائیلاگ مستقبل میں مضبوط اقتصادی شراکت کا بنیاد فراہم کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی باسمتی چاول کی GI اور ٹریڈ مارک رجسٹریشن پر تعاون جاری رکھنے سے برآمدات کو فائدہ ہوگا۔ فریقین نے آئی ٹی، زراعت، پیشہ ورانہ خدمات، تعلیم اور مہارتوں میں ورکنگ گروپس کو فعال کرنے اورپاکستانی باسمتی چاول کی GI اور ٹریڈ مارک رجسٹریشن کے معاملے پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔








