وفاقی وزیر تجارت سے میٹا کے وفد کی ملاقات، ڈیجیٹل معیشت، مصنوعی ذہانت، ای کامرس کے شعبوں میں تعاون پر تبادلۂ خیال
وفاقی وزیر تجارت سے میٹا کے وفد کی ملاقات، ڈیجیٹل معیشت، مصنوعی ذہانت، ای کامرس کے شعبوں میں تعاون پر تبادلۂ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔23جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے میٹا کے وفد نے ملاقات کی۔ وزارت سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں ڈیجیٹل معیشت، مصنوعی ذہانت اور ای کامرس کے شعبوں میں تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا ۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے میٹا کو پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں شراکت داری کی دعوت دی۔وفاقی وزیر نے ایک ہزار پاکستانی ایس ایم ایز کو اے آئی اور ڈیجیٹل بزنس ٹریننگ دینے کے میٹا پروگرام کا خیرمقدم کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ای کامرس اور مصنوعی ذہانت کی جامع پالیسیوں کو حتمی شکل دے رہی ہے، پاکستانی کاروباروں کو عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہوگا۔ جام کمال خان نے کہا کہ وزارتِ تجارت میٹا کو چیمبرز آف کامرس، تجارتی تنظیموں اور کاروباری ایسوسی ایشنز سے روابط میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ میٹا پاکستان میں ایک ہزار ایس ایم ایز کو مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور آن لائن کاروباری مہارتوں کی مفت تربیت فراہم کرے گا۔
جام کمال نے کہا کہ محفوظ ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام ای کامرس کے فروغ اور صارفین کے اعتماد کے لیے ناگزیر ہے، پاکستان کی نوجوان آبادی اور تیزی سے بڑھتی ڈیجیٹل معیشت عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے لیے بہترین مواقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹا کا ایس ایم ای ٹریننگ پروگرام اگست سے نومبر تک جاری رہے گا، جس میں خواتین کاروباری افراد اور چھوٹے شہروں کے کاروباروں کو بھی خصوصی طور پر شامل کیا جائے گا۔








