وفاقی وزیر تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود کی زیر صدارت اجلاس،طلباء کو درپیش آن لائن لرننگ کے مسائل اور انٹرنیٹ ربط سازی کو مزید بہتر بنانے پر غور

اسلام آباد ۔ 15 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود کی زیر صدارت اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر طلباء کو درپیش آن لائن لرننگ کے مسائل اور انٹرنیٹ ربط سازی کو مزید بہتر بنانے پر غور کیا گیا۔ بدھ کو ہونے والے اجلاس میں پی ٹی اے، وزارت آئی ٹی، یونیورسل سروس فنڈ، ایچ ای سی اور وزارت تعلیم کے اعلیٰ …

اسلام آباد ۔ 15 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود کی زیر صدارت اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر طلباء کو درپیش آن لائن لرننگ کے مسائل اور انٹرنیٹ ربط سازی کو مزید بہتر بنانے پر غور کیا گیا۔ بدھ کو ہونے والے اجلاس میں پی ٹی اے، وزارت آئی ٹی، یونیورسل سروس فنڈ، ایچ ای سی اور وزارت تعلیم کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں طلباء کو درپیش آن لائن تعلیمی مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، جنوبی بلوچستان اور قبائلی علاقوں میں انٹرنیٹ کی کم دستیابی پر بھی تفصیلی غور کیا گیا جبکہ موجودہ انٹرنیٹ کی سروس کوالٹی کو بہتر بنانے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پی ٹی اے، وزارت آئی ٹی اور یو ایس ایف نے مسائل اور ان کے حل کیلئے اپنا اپنا مؤقف پیش کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ عصر حاضر میں تعلیم و انٹرنیٹ لازم و ملزوم ہو چکے ہیں، کووڈ۔19 کے تناظر میں طلباء کیلئے انٹرنیٹ کی اہمیت اور ضرورت اور زیادہ ناگزیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز سے آن لائن لرننگ کے مسائل اور ان کے حل کیلئے جلد از جلد مشاورت کا عمل مکمل کرکے حتمی سفارشات کی رپورٹ تیار کی جائے، یہ شفارشات وزیراعظم اور کیبنٹ کو پیش کی جائے گی۔ شفقت محمود نے کہا کہ تعلیم موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں ہے، تعلیمی مسائل کے حل کیلئے کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے۔

مزید خبریں