وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی قومی نصاب کونسل کے دوسرے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو

148

اسلام آباد ۔ 23 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ ایک قوم بننے کیلئے ایک نصاب کا ہونا ضروری ہے، تمام سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، اسلامیات کے مضمون کے نصاب کی تیاری کیلئے ایک نئی خصوصی کمیٹی ترتیب دی ہے، اپریل 2020ءسے شروع ہونے والے آئندہ تعلیمی سال میں ایک سے پانچویں جماعت کے نئے یکساں نصاب کا اجراءممکن نظر نہیں آ رہا۔ پیر کو قومی نصاب کونسل کے دوسرے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ تاریخ کا اہم دن ہے، اس دن تمام مکاتب فکر طبقات اور صوبائی نمائندے قومی نصاب کی تیاری کیلئے ایک ٹیبل پر بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ قومی نصاب کونسل کی عمارت میں ہمارا پہلا اجلاس ہے، ہماری حکومت یکساں نصاب کی تیاری کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش تھی کہ آئندہ سال مارچ میں پہلی سے پانچویں جماعت تک کے نصاب کو حتمی شکل دےدی جائے اور اپریل میں شروع ہونے والے نئے تعلیمی سال میں اسے نافذ کر دیا جائے لیکن ایسا ہوتا ممکن نظر نہیں آ رہا، دسمبر 2019ءتک نصاب کے خدوخال طے کر لئے جائیں گے جس پر تمام صوبوں اور طبقات سے مشاورت کی جائے گی۔