اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم )کا غیر فطری اتحاد اپنے منطقی انجام کو پہنچ رہا ہے ، عوام نے ان کا بیانیہ مسترد کر دیا ہے، جلد ہی اس کی رہی سہی ساکھ بھی ختم ہو جائے گی۔
بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کے سیاسی مخالف انتشار پھیلانے پر تلے ہوئے تھے لیکن انہیں مایوسی اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں اپنے اپنے مفادات کے لئے اتحاد کا حصہ بنی ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا وجود ختم ہوچکا ہے ،حکومت پارلیمنٹ میں قومی مفادات سمیت تمام معاملات پر اپوزیشن سے بات چیت کیلئے سنجیدہ ہے۔
شفقت محمود نے کہا کہ حکومت انتخابی اصلاحات کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کیلئے بھی تیار ہے، اگر حکومت اور اپوزیشن کے مابین قومی مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو اس سے ملک میں جمہوریت پروان چڑھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ ہی مذاکرات کیلئے بہترین پلیٹ فارم ہے، اپوزیشن حکومت کے خلاف اپنی منفی سیاست کو ختم کرے اور ملکی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس جیسی مہلک وباءکے باوجود پاکستان اپنی معیشت کا تحفظ کرنے میں کامیاب رہا حکومت اسے مزید آگے بڑھانا چاہتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما نوازشریف کے وطن واپس آنے پر کوئی پابندی نہیں لگائی ہوئی، انہیں واپس آکر عدالتوں کا سامنا کرنا چاہئے۔