
اسلام آباد ۔ 15 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ رقم کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی خواتین کے اکاﺅنٹس میں منتقل کیا گیا ۔ پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت بیرون ملک سے ترسیلات زر وصول کر رہی تھی، انہوں نے سوال اٹھایا کہ حمزہ شہباز کا تو بیرون ملک میں کوئی کاروبار بھی نہیں تو پھر ان کے اکاﺅنٹس میں رقم کس طرح منتقل کر دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت معاشرے کے بدعنوان عناصر کی تحقیقات کرے گی۔ انہوں نے حمزہ شہباز پر الزام لگایا اور کہا کہ ملزم ہمیشہ اپنا دفاع خود کرتا ہے۔ انسپکٹر جنرل پنجاب کے تبادلے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ تسلی بخش کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے کی صورت میں وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس آئی جی کو تبدیل کرنے کا اختیار موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسد عمر وفاقی وزیر خزانہ رہیں گے، انکی وزارت کی تبدیلی کے حوالے سے غلط خبریں پھیلائی جا رہی ہیں جن کی کوئی حقیقت نہیں۔