وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے شام کے نائب وزیر تعلیم رامی الدھولی کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد کی ملاقات

Federal Minister of Education Dr. Khalid Maqbool Siddiqui
Federal Minister of Education Dr. Khalid Maqbool Siddiqui

اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے شام کے نائب وزیر تعلیم رامی الدھولی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ شام اور پاکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں،پاکستان شام کو اپنے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون اور مہارت کے تبادلے سے ہی دونوں ممالک تعلیم کے شعبے میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔

انہوں نے تکنیکی مہارتوں کی ترقی اور توسیع کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان کا مقصد لاکھوں نوجوانوں کو انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کورسز کی پیشگی سطح پر تربیت دینا ہے۔سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی نے وفد کو تعلیم کے شعبے میں جدید ترین طریقوں کو اپنانے کے لئے حکومت کے مختلف اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے موجودہ حکومت کی طرف سے سکول سے باہر بچوں کی تعداد کو کم کرنے اور تعلیم تک رسائی اور معیار کو بڑھانے کے لئے شروع کئے گئے متعدد پروگراموں کی وضاحت کی۔

انہوں نے کہا کہ دارالحکومت، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں شروع کئے گئے سکول میلز پروگرام کے شاندار نتائج سامنے آئے ہیں اور انہیں امید ہے کہ ایسے تخلیقی اقدامات کے ذریعے بچوں کے ساتھ ساتھ ان کے والدین کو بھی اپنے بچوں کی تعلیم جاری رکھنے کی طرف راغب کیا جا سکتا ہے۔شام کے نائب وزیر تعلیم رامی الدھولی نے کہا کہ پاکستان اور شام کے درمیان 1971 سے تعلیمی تبادلے کے حوالے سے متعدد ایم او یوز ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تبادلے میں اضافہ ہونا چاہئے۔ انہوں نے پاکستانی حکومت کی جانب سے سکولوں سے باہر بچوں کی تعداد کو کم کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فنی تعلیم ملکی معیشت کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔