اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ یونیورسٹیوں کی فنڈنگ کو ان کی کارکردگی سے منسلک کرنے کی تجویز دی گئی ہے، این سی اے آرٹ کی ترویج میں اہم کردار ادا کررہی ہے، حکومت نے مشکل حالات کے باوجود اعلیٰ تعلیم کے بجٹ میں اضافہ کیا ہے۔
نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے )میں منعقدہ تصویری نمائش ’’مسنگ لنک پینٹنگز ‘‘کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری ثقافت پر بنی پینٹنگز کو دیکھ کر دل سے خوشی ہوئی، این سی اے کی تاریخ ہمارے اس شعبہ میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے، این سی اے سے آرکیٹیکچر کی انڈسٹری میں بڑے بڑے نام نکلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این سی اے کی جانب سے جو انتظامات کئے جاتے ہیں بیرون ملک بھی ایسی سہولیات میسر نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کا شعبہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے، حکومت نے مشکل حالات کے باوجود اعلیٰ تعلیم کے بجٹ میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این سی اے کو لاہور میں زمین کے مسائل کو بھی حل کریں گے، اس وقت سارا معاملہ ایچ ای سی کے پاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک سیکٹرز کی یونیورسٹیوں کی فنڈنگ کو ا ن کی کارکردگی سے منسلک کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پینٹنگز بہت خوبصورت اور دل کش ہیں ، ہمارے ملک کو ان پینٹرز نے خوبصورت طریقے سے دکھانے کی کوشش کی ۔
انہوں نے کہا کہ چین میں طلبا کا معاملہ 2 سال سے التوا کا شکار تھا، حکومت چین اور وزارت خارجہ سمیت سب کو ایک ماہ میں ایک پیج پر لے کر آئے ہیں۔ نیشنل کالج آف آرٹس کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری نے کہا کہ اس نمائش میں ہمارے 14 نوجوان اساتذہ کے فن پارے رکھے گئے ہیں، ہمارے ان آرٹسٹوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی ہے، امید ہے کہ ینگ فیکلٹی اپنا تحقیقی سفر جاری رکھے گی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے تصویری نمائش کا افتتاح بھی کیا۔ انہوں نے نمائش میں پیش کی جانے والی پینٹنگز دیکھیں اور ان میں گہری دلچسپی لی۔ اس موقع پر ڈینز ، فیکلٹی ممبران اور طلبا کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔