وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے بلڈنگ کوڈ سے متعلق وفاقی وزرا اور وزرائے اعلیٰ کو خط لکھ دیا

88
وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے بلڈنگ کوڈ سے متعلق وفاقی وزرا اور وزرائے اعلیٰ کو خط لکھ دیا

اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے بلڈنگ کوڈ سے متعلق وفاقی وزراء و وزرائے اعلیٰ کو خط لکھ دیا۔ ترجمان پاور ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ECBC-2023 پر عملدرآمد کیلئے وفاقی وزیرِ توانائی نے تمام وزرائے اعلیٰ، وزیر منصوبہ بندی اور وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کو بھی خطوط بھیجے۔

اویس لغاری کا کہنا تھا کہ روایتی عمارات توانائی بحران کا سبب بن رہی ہیں، پاکستان کی 60 فیصد بجلی عمارتوں میں استعمال ہوتی ہے، پرانی عمارتیں بجلی کے ضیاع کی وجہ ہیں، گرمیوں میں عمارتوں کے ڈیزائن سے بجلی کا بوجھ بڑھتا ہے، گرمیوں میں کولنگ لوڈ بجلی نظام پر دباؤ ڈالتا ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ ای سی بی سی 2023 عمارتوں کیلئے نیا بجلی بچت قانون ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر نیا بجلی بچت قانون تیار کیا گیا، نئی عمارتیں ECBC-2023 کے تحت بنائی جائیں، بجلی بچانے کیلئے بلڈنگ کوڈ پر سختی سے عمل ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمارتوں میں بجلی بچانے کا نظام لانا ہوگا، ای سی بی سی 2023 کو پی ایس ڈی پی منصوبوں کا حصہ بنایا جائے، عمارتوں کے بہتر ڈیزائن سے بجلی بچائی جا سکتی ہے، منصوبوں کی منظوری بجلی بچت سے مشروط ہونی چاہئے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تمام صوبے اپنے ترقیاتی منصوبوں میں ECBC-2023 شامل کریں، ملک کو بجلی بحران سے نکالنے کی کنجی ECBC-2023 ہے،ہر نئی عمارت میں بجلی بچت لازمی بنائی جائے، بجلی کی بچت سے ملک کو فائدہ ہوگا۔