وفاقی وزیر جام کمال سےروانڈا کے ہائی کمشنر کی ملاقات،نئی تجارتی منڈیوں تک رسائی اوردو طرفہ تجارت کے فروغ کے حوالے تبادلہ خیال

139
وفاقی وزیر جام کمال سےروانڈا کے ہائی کمشنر کی ملاقات،نئی تجارتی منڈیوں تک رسائی اوردو طرفہ تجارت کے فروغ کے حوالے تبادلہ خیال

اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان لک افریقہ پالیسی کو اپناتے ہوئے افریقی منڈیوں تک رسائی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے، افریقی منڈیوں میں پاکستانی ٹریکٹر اور چاول کی بہت مانگ ہے۔

وزارت تجارت سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے بدھ کو روانڈا کے ہائی کمشنر سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں نئی تجارتی منڈیوں تک رسائی اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کو بڑھانے کے بے شمار مواقع موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ روانڈا پاکستان کو چائے برآمد کر سکتا ہے جبکہ پاکستان روانڈا کو چاول فراہم کر سکتا ہے ۔

انہوں نے پاکستان کی "لک افریقہ پالیسی” کے تحت اہم کاروباری شعبوں کی نشاندہی کرنے اور سٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کرنے کی تجویز پیش کی ۔وزیر تجارت نے بجلی ، زرعی مشینری ، خوراک اور دواسازی جیسے شعبوں میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کاروباری برادریوں کے درمیان میچ میکنگ کو آسان بنانے کے لئے روانڈا اور پاکستان کے چیمبر آف کامرس کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کی تجویز پیش کی ۔ روانڈا کے ہائی کمشنر نے پاکستان کی الیکٹرک بائیک اور آٹوموبائل سیکٹر میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

جام کمال نے انہیں موبائل فون مینوفیکچرنگ میں پاکستان کی نمایاں پیشرفت سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت اس شعبے میں 13 کمپنیاں کام کر رہی ہیں ۔ ملاقات میں پاکستان اور روانڈا کے درمیان متحرک تجارتی شراکت داری قائم کرنے ، ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے اور معاشی ترقی کے لئے نئی راہیں کھولنے کے حوالے سے جامع حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا گیا ۔