وفاقی وزیر خرم دستگیر خان اور وزیر مملکت ہاشم نوتیزئی سے پاکستان میں کوریا کے سفیر کی ملاقات

اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):وفاقی وزیر بجلی انجینئر خرم دستگیر خان اور وزیر مملکت ہاشم نوتیزئی سے پاکستان میں کوریا کے سفیر سوہ سنگپیو نے بدھ کو یہاں ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص پن بجلی کے شعبہ میں تعاون پر اتفاق کیا ہے۔

وزارت بجلی کے ترجمان کے مطابق دونوں فریقین نے کورین کمپنیوں کے ہائیڈل پاور پراجیکٹس کی رفتار کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ اس طرح کے منصوبے نہ صرف پاکستان کے انرجی مکس کو بہتر کریں گے بلکہ بجلی کی پیداواری لاگت کو کم کرنے میں بھی مدد گار ثابت ہوں گے۔

کوریا کے سفیر نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع بالخصوص ہائیڈل پاور جنریشن میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ کیِا، سامسنگ کوریین کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی ہے ،کوریا مزید شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔کوریا کےسفیر نے وزیراعظم شہباز شریف کے بطور وزیر اعلیٰ اپنے دور میں ترقیاتی منصوبوں کی کامیابی سے تکمیل کی تعریف کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ اب وفاقی حکومت میں بھی اسی عزم کو آگے لے کر چلیں گے۔