وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے منیجنگ ڈائریکٹر انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی سید بصر شعیب کی ملاقات

250
Ishaq Dar

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے چیف ایگزیکٹو آفیسر، ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور منیجنگ ڈائریکٹر انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی (آئی ایچ سی) سید بصر شعیب نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی ۔وزیر خزانہ نے آئی ایچ سی کے سی ای او کو وزیراعظم کے حالیہ دورہ اور اماراتی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ ان کی ملاقاتوں بارے آگاہ کیا۔

انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی پر آئی ایچ سی کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو تیز کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا اور موجودہ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات سے سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرے گا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مختلف مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان سرمایہ کاروں اور تاجروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لئے مختلف اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔ سید بصر شعیب نے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ خوشگوار تعلقات پر روشنی ڈالی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کو راغب کرنے کے لئے حکومت کے کردار کو سراہا۔ وزیر خزانہ نے سی ای او کو پاکستان میں اماراتی سرمایہ کاروں کے لئے حکومت پاکستان کی جانب سے زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔