
اسلام آباد ۔ 10 دسمبر (اے پی پی)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ہفتہ کو پیرس میں اپنے فرانسیسی ہم منصب مائیکل سیپن سے ملاقات کی اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی،اقتصادی اور سرمایہ کاری تعلقات کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا۔گزشتہ تین ماہ کے دوران اسحاق ڈار کی اپنے فرانسیسی ہم منصب سے یہ دوسری ملاقات تھی۔فرانس کے وزیر خزانہ نے اوپن گورنمنٹ پارٹنرشپ پروسیس میں شمولیت پر اسحاق ڈار کو مبارکباد دی۔انہوں نے ٹیکس امورکے حوالے سے باہمی تعاون سے متعلق پاکستان کی جانب سے او ای سی ڈی معاہدے کی توثیق کو سراہا اور پاکستان کی اقتصادی کامیابیوں کا اعتراف کیا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان پبلک امور میں شفافیت کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔