وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیرصدارت اسلامی سکوک کے اجراءسے متعلق معاملات پر پیشرفت کا جائزہ لینے کےلئے اسلامی بینکوں کے سینئر نمائندوں کا اجلاس

53

اسلام آباد ۔ 20 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے بینکنگ کے شعبہ میں اسلامی بینکوں کے بڑھتے ہوئے کردار کو سراہتے ہوئے اسلامی سکوک کے اجراءکے سلسلے میں حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وہ جمعرات کو یہاں اسلامی سکوک کے اجراءسے متعلق معاملات پر پیشرفت کا جائزہ لینے کےلئے اسلامی بینکوں کے سینئر نمائندوں کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اسلامی بینکوں کے ایک کنسورشیم کو حکومت کے ساتھ رابطے اور اسلامک سکوک کے اجراءمیں سہولت دینے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اجلاس کے دوران اسلامی بینکوں کے نمائندوں نے اس حوالے سے پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بہت سا کام مکمل کیا جا چکا ہے۔ وزیر خزانہ نے ملک کے بنکنگ کے شعبہ میں اسلامی بینکوں کے بڑھتے ہوئے کردار اور معیشت کو مضبوط بنانے میں ان کی اہمیت کو سراہا۔ انہوں نے وفد کو اسلامی سکوک کے اجراءکے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان بھی موجود تھے۔