وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت آٹھویں پاک ازبک مشترکہ وزارتی کانفرنس کی تیاریوں کے حوالہ سے اجلاس

177
Ishaq Dar

اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بدھ کو یہاں آٹھویں پاک ازبک مشترکہ وزارتی کانفرنس کی تیاریوں کے حوالہ سے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، سیکرٹری تجارت، سیکرٹری اقتصادی امور اور فنانس ڈویژن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ ملاقات میں ازبکستان میں مجوزہ پاکستان ازبکستان مشترکہ وزارتی کانفرنس کے پلان پر غور کیا گیا۔

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے اور کانفرنس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ کانفرنس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارت، معیشت، ریلوے، سرمایہ کاری، زراعت، سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنا ہے۔ ٹرانس افغانستان ریل اینڈ روڈ پروجیکٹ، تجارتی حجم کو ایک ارب ڈالرتک بڑھانا، دونوں ممالک کے درمیان بینکنگ اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں تعاون اور برآمدات/درآمدات میں سہولیات کی فراہمی کانفرنس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔