اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پی آئی اے کی ری سٹرکچرنگ میں پیش رفت کو سراہتے ہوئے متعلقہ حکام کو آئندہ اجلاس میں تفصیلی رپورٹ تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے یہ ہدایت جمعرات کویہاں پی آئی اے کی تنظیم نو سے متعلق امورکے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی ۔
اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے اور ہوا بازی خواجہ سعد رفیق، وزیر تجارت سید نوید قمر، وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال، معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، سیکرٹری ایوی ایشن، ایئر وائس مارشل ایم عامر حیات، اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فنانس اور ایوی ایشن کے افسران بھی شریک ہوئے۔
ایوی ایشن ڈویژن کی ٹیم نے وزیر خزانہ کو پی آئی اے کودرپیش آپریشنل اور مالیاتی چیلنجز سے آگاہ کیا اور ان مسائل کے حل کے لیے اٹھائے جانے والے ممکنہ حل اور اقدامات کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ اراکین نے پی آئی اے کی تشکیل نو کے لیے دستیاب حل پر غور کیا تاکہ اس کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے اور اسے بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔
وزیر خزانہ نے پیش رفت کے طریقہ کار کو سراہتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کے لیے تفصیلی روڈ میپ تیار کریں۔