اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب 18ویں ایشین فنانشل فورم میں شرکت کے لیے ہانگ کانگ روانہ ہو گئے ہیں۔ وزارت خزانہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق وزیر خزانہ اپنے دورہ ہانگ کانگ کے دوران اہم ایشیائی مالیاتی اداروں کے سربراہان اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے،وزیر خزانہ ایشیائی مالیاتی فورم سے خطاب کے دوران ملک کے معاشی منظر نامے کو واضح کریں گے۔
وزیر خزانہ دورہ کے دوران مقای و چینی حکام، فنانشل سیکٹر کے ماہرین، پروفیشنلز ، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات سےبھی ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر خزانہ چائنا انٹرنیشنل کیپیٹل کارپوریشن لمیٹڈ ،چائنا نیو انرجی سکائیرل لمیٹڈ اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک کے سربراہان سے ملیں گے اور عوامی جموریہ چین کے ہانک کانگ سپیشل ایڈمنسٹریٹو ریجن کے چیف ایگزیکٹو جان کے سی لی سے بھی ملاقات کریں گے۔
مزید برآں وزیر خزانہ بلوم برگ، نکی ایشیا سمیت دیگر منتخب بین الاقوامی اور ایشیائی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو انٹرویوز دیں گے اور اپنے دورہ کے دوران ہانگ کانگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے سرکردہ ارکان اور راہنماؤں سے بھی ملیں گے۔ واضح رہے کہ ایشیائی مالیاتی فورم ایشیائی نقطہ نظر سے عالمی معیشت پر اثر انداز ہونے والے اہم مسائل کے حل اور بصیرت کے اشتراک میں ایشیاکی مالیات، کاروبار اور بااثر حکومتی رہنماؤں کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کا کام سر انجام دیتا ہے۔