اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے تولیوں کی صنعت سے متعلق مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاہے کہ حکومت برآمدات کے فروغ کیلئے پرعزم ہے اور برآمدی شعبہ کوتمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے یہ بات منگل کو تولیوں کی صنعت کے مسائل کے حل کے لئے وزیراعظم کی ہدایت پر تشکیل دی گئی کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ میٹنگ میں وزیر تجارت جام کمال خان، وزارت تجارت کے سپیشل سیکرٹری، خزانہ ڈویژن، ایف بی آر اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے سینئر افسران کے علاوہ صنعت کے نمائندوں نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران تولیوں کی صنعت کے نمائندوں نے اس شعبے کی اہمیت، معاشی حوالے سے اس کے کردار، اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان تولیوں کی برآمد کے حوالے سے چین اور بھارت کے بعد دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے۔ یہ صنعت پاکستان کا واحد مکمل طور پر برآمدات پر مبنی شعبہ ہے جس کی مصنوعات 125 ممالک کو برآمد کی جاتی ہیں۔ ٹاول مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (TMA) 200 کمپنیوں کی نمائندگی کرتی ہے اور پاکستان کی معیشت میں 1.77 ارب ڈالر کا حصہ ڈالتی ہے۔ امریکہ اور یورپ پاکستانی تولیوں کی سب سے بڑے منڈیاں ہیں، اس شعبے میں 2.8 ملین کارکنان کام کرتے ہیں۔
صنعت کے نمائندوں نے شفاف ٹیکس گائیڈ لائنز، مسابقتی ٹیکس پالیسی اور طویل مدتی پالیسی استحکام کی ضرورت پر زور دیا تاکہ شعبے کی ترقی اور عالمی مسابقت کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیر خزانہ نے صنعت کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور شرکاء کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو حل کیا جائے گا۔ انہوں نے برآمدات کو فروغ دینے اور پاکستان کی عالمی ٹیکسٹائل مارکیٹ میں پوزیشن بہتر بنانے کے لئے مستحکم اور کاروبار دوست ٹیکس نظام کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت معیشت میں برآمدات کی مستحکم ترقی کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے،ہم نجی شعبے کو اس سلسلے میں ایک اہم شراکت دار سمجھتے ہیں اور ہماری پالیسیاں اس مشترکہ کوشش کو جاری رکھیں گی۔میٹنگ کا اختتام سرکاری اور نجی شعبے کے درمیان بہتر تعاون کے عزم پر ہوا۔