وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب سے چیف اکانومسٹ پروفیسر عدنان قادر خان کی ملاقات

سینیٹرمحمداورنگزیب

اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب سے چیف اکانومسٹ اور فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس (ایف سی ڈی او) میں اکنامکس اینڈ ایویلیوایشن ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر عدنان قادر خان نے جمعرات کو ملاقات کی ۔ اس موقع پر پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ بھی ہمراہ تھی۔ وزیر خزانہ نے دونوں مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔

وزیر خزانہ نے معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے حکومت کی کوششوں پر روشنی ڈالی جس میں غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، مستحکم کرنسی، مہنگائی میں کمی اور پھلتی پھولتی سٹاک مارکیٹ جیسی کامیابیاں شامل ہیں۔ مزید برآں انہوں نے اہم اصلاحات کا خاکہ پیش کیا جن میں نجکاری، ایس او ای کی تنظیم نو، ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن، برآمدات پر مبنی ترقی کے اقدامات اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات شامل ہیں۔ برطانیہ کی حکومت کی طرف سے دی جانے والی حمایت کا اعتراف کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کے پی آئی کی بنیاد پر منصوبہ موثر عمل درآمد کا باعث بنے گا جس کے مقصد سے سپورٹ کو مزید موثر بنایا جا سکتا ہے۔

پروفیسر عدنان قادر خان نے وفاقی وزیر کو مطلع کیا کہ ایف سی ڈی او نے کئی اہم اقدامات پر کامیابی کے ساتھ کام مکمل کیا ہے اور پاکستان میں معاشی ترقی اور پائیداری کو فروغ دینے کے مقصد سے مقامی طور پر چلنے والے اصلاحاتی پروگرام کے لیے تعاون بڑھایا ہے۔ جین میریٹ نے سماجی و اقتصادی ترقی کی کوششوں میں پاکستان کی حمایت کے لیے برطانوی حکومت کے عزم کا اظہار کیا اور مستقبل میں گہرے تعاون کے امکانات پر اعتماد کا اظہار کیا۔