وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی عالمی بینک کے علاقائی ڈائریکٹر برائے جنوبی ایشیا ا گوانگزی چن سے ملاقات

120
وفاقی وزیرخزانہ محمد اسحاق ڈار کا ایف بی آر ہیڈ کوارٹر کا دورہ،بورڈ کے سینئر افسران سے ملاقات

اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہاہے کہ حکومت پائیدار اقتصادی نمو،برآمدات میں اضافہ اور ادارہ جاتی اصلاحات کیلئے اقدامات کررہی ہے،پاکستان کی سماجی اوراقتصادی ترقی میں عالمی بینک کے کردار کوسراہتے ہیں۔انہوں نے یہ بات عالمی بینک کے علاقائی ڈائریکٹر برائے جنوبی ایشیا ا گوانگزی چن سے ملاقات میں کہی۔اس موقع پر پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی طارق محمود پاشا، سیکرٹری خزانہ اور فنانس ڈویژن کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔

وزیر خزانہ نے گوانگزی چن کا خیرمقدم کیا اورانہیں پاکستان کی موجودہ اقتصادی و معاشی صورت حال کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے وفد کو موجودہ حکومت کی جانب سے کاروبار کرنے میں آسانیوں، برآمدات کی حوصلہ افزائی اور معیشت کے مختلف شعبوں میں سہولیات کی فراہمی کرتے ہوئے پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی اور بڈھوتری کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے مختلف پالیسی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ گوانگزی چن نے مالیاتی اصلاحات کے پروگرام رائز کو کامیابی سے مکمل کرنے پر حکومت پاکستان کی تعریف کی اور مبارکباد دی۔

انہوں نے وزیر خزانہ کو حکومت پاکستان کے وژن کے مطابق عالمی بینک کی جانب سے ملک میں شروع کیے جانے والے دیگر مختلف پروگراموں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کے کاموں کے لیے عالمی بینک کی جانب سے تعاون کے بارے میں بھی بتایا۔

وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پاکستان میں عالمی بینک کے ترقیاتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ادارہ جاتی اصلاحات اور معاشی ترقی کے لیے عالمی بینک کی طرف سے فراہم کی جانے والی مالی اور تکنیکی مدد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔وزیر خزانہ نے وفد کو یقین دلایا کہ پاکستان میں ورلڈ بنک کی جانب سے شروع کیے جانے والے جاری منصوبوں کے لیے موجودہ حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا انہوں نے پاکستان کی معاشی ترقی میں مستقل کردار ادا کرنے پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔