وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے سوئس ڈچ کمپنی وائٹال کے چیئرمین کی ملاقات

146

اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتی ہے، ملک میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کے حوالہ سے ہر قسم کی سہولیات اور تعاون کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات پیر کو سوئس ڈچ کمپنی وائٹال کے چیئرمین و ڈائریکٹر کرسٹوفر بیک اور ہیسکول کے سی ای او عقیل خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر معاون خصوصی پٹرولیم طارق باجوہ، وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک، سیکرٹری خزانہ اور وزارت خزانہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ وائٹال کے چیئرمین نے وزیر خزانہ کو کمپنی کی ساخت، کاروباری پروفائل اور پاکستان کی اقتصادی ترقی میں کردار اور خدمات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی کمپنی پاکستان میں طویل عرصہ سے کاروبار کر رہی ہے۔ انہوں نے پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ پر آمادگی کا بھی اظہار کیا، اس ضمن میں انہوں نے کئی تجاویز بھی پیش کیں اور درپیش مسائل کی نشاندہی کی۔

وزیر خزانہ نے وائٹال کی خدمات کی تعریف کی اور کہا کہ حکومت ملک میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتی ہے، حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو سازگار اور دوستانہ ماحول فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے، ہماری کوشش ہے کہ پاکستان میں تجارت اور کاروبار کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولیات اور دوستانہ ماحول فراہم کیا جائے۔

وزیر خزانہ نے وفد کو ملک کی اقتصادی صورتحال کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کے حوالہ سے دور رس اقدامات اور پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت آگے بڑھ رہی ہے۔ وزیر خزانہ نے کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں تجارتی سرگرمیاں بڑھانے کی تجاویز کا خیرمقدم کیا اور اس ضمن میں انہیں حکومت کی طرف سے مکمل تعاون اور سہولیات فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں درپیش مسائل اور رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔