وفاقی وزیر خزانہ و محصولات شوکت ترین سے ہالینڈ کے سفیر واوٹر پلامپ کی ملاقات

70

اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات شوکت ترین نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک میں تجارت و سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا ہے، ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور کاروباریوں کو کاروبار کیلئے سازگار ماحول اور بہترین سہولیات فراہم کرنے کے حوالہ سے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں ہالینڈ کے سفیر واوٹر پلامپ سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں ہالینڈ کی کمپنی رائل فرزلنٹ کمپینا کے گلوبل سی ای او ہین شماچر بھی موجود تھے۔

اجلاس میں فوڈ اینڈ بیوریجز رائل فرزلنٹ کمپینا کے سی ای او اور رائل فرزلنٹ کمپینا اینگو پاکستان لمیٹڈ کے ایم ڈی علی احمد خان بھی موجود تھے۔ وزیر خزانہ نے ہالینڈ کے سفیر اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کو پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے ضمن میں حکومتی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ کاروبار میں آسانیوں کیلئے حکومت نے جامع اقدامات کئے ہیں جس کے بہتر نتائج سامنے آئے ہیں۔ ہالینڈ کی کمپنی کے گلوبل سی ای او نے تاجر و سرمایہ کاروں کیلئے عملی اقدامات پر حکومت کی نیت، ارادوں اور اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص پاکستان میں ڈیری انڈسٹری میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے پاکستان میں ڈیری کی صنعت کے فروغ کیلئے بعض تجاویز بھی دیں اور اس ضمن میں پاکستان کی حکومت سے معاونت طلب کی۔ وزیر خزانہ شوکت ترین نے ان تجاویز بشمول پاکستان میں لائیو سٹاک اور زراعت کے شعبہ میں سرمایہ کاری میں اضافہ کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اس ضمن میں ہر قسم کی سہولیات فراہم کرے گی۔